PDF فلم اور ٹیلی وژن فنکار گلاب چانڈیو
فلم اور ٹیلی وژن فنکار گلاب چانڈیو ( 6جنوری 1958سے 18جنوری 2019) تحریر شاہد لطیف شہمیر چانڈیو نام کے گاؤں ، تحصیل نواب شاہ میں سائیں بخش چانڈیو کے ہاں 6 جنوری 1958 کو پیدا ہونے والے گُلاب نے 1980 سے فن کی خوشبو بکھیرناشروع کی۔فن کی اس خوشبو نے کئی رنگ بدلے۔اسٹیج، ٹیلی وژن، اُردو، سندھی ، پنجابی اور ڈبل ورژن کی فلمیں اِس کی مثال ہیں۔میں پاکستان ٹیلی وژن کراچی مرکز کے شعبہ پروگرام سے لگ بھگ جس زمانے میں منسلک ہوا تھا تب گلاب ابھی نیا نیا ٹی وی کی دنیا میں آیا تھا۔ اُس وقت شاید وہ خود بھی نہیں جانتا تھا کہ بہت جلد شہرت اس کے سامنے ہاتھ باندھے کھڑی ہو گی۔یہ اس کی ابتدا کا زمانہ تھا ابھی اُس نے سندھی ڈراموں میں آنا شروع ہی کیا تھا۔جو چیز گلاب چانڈیو کو اپنے ہم عصروں سے ممتاز کرتی وہ اس کے چہرے پر قدرتی مسکراہٹ تھی۔ہر ایک سے نہایت عجز سے ملتا تھا۔میری کئی مرتبہ ٹی وی کنٹین میں اُس کے ساتھ گپ بازی ہوتی تھی۔ پھر یکے بعد دیگرے، مختصر دورانیے کے سندھی ڈرامے میں اُس کے کردار مقبول ہونے لگے۔اس کی ایک قابلِ ذکر مثال دیتا ہوں۔یہ 1981 کا ذکر ہے کہ سینئیر پروڈی...