کیا وہ فریبِ نظر تھا ۔۔۔؟ تحریر شاہد لطیف یہ واقعہ تقریباََ تیس سال قبل خود میرے ساتھ پیش آنے والے حقائق ہیں جب میں انسپکٹر آف اسکول کی حیثیت سے محکمہء تعلیم سے وابستہ تھا۔میں مستقل حالتِ سفر میں رہتا جس کو بعض احباب زندگی گزارنے کا بے ڈھنگا پن کہا کرتے ۔ شروع میں مجھے ضلع کے نسبتاََ بڑے قصبوں میں تعینات کیا گیا۔ چند سال گزر گئے۔ پھر مجھے ضلع کے کم ترقی یافتہ حصوں میں بھیجا گیا۔حیرت انگیز طور پر مجھے یہاں کا ماحول، شب و روز اور زندگی اتنی پسند آئی کہ میں نے محکمہ کو لکھا کہ میں بخوشی ضلع کے دور دراز علاقوں میں جا سکتا ہوں۔ تواُنہوں نے بھی مجھے ایک پس ماندہ ترین پہاڑی علاقے میں بھیج دیا جہاں کی آبادی بہت کم تھی اور اسکولوں کے درمیان فاصلہ بہت زیادہ تھا۔ یہاں آنا میرے لئے مہم جوئی سے کم نہ تھا ۔جب میں پسماندہ جگہوں پر جاتا تھاتو وہاں کے اسکول میرے معائنوں کو بہت اہمیت دیتے تھے ۔ مجھے لوگوں میں زیادہ گھلنا ملنا پسند نہیں لیکن اکثر اِ ن معائنوں کے بعد وہ مجھے کسی نہ کسی مقامی تقریب کا مہمانِ خصوصی بنا دیتے تھے۔ اور اِس دفعہ۔۔۔اِس پہاڑی علاقے میں میرا آنا بہت ہی ہنگامہ خیز رہا۔...